وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز میں شاندار کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ کامیابی اجتماعی محنت کا نتیجہ ہے جس پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سمیت قومی ٹیم کے کھلاڑی، کوچنگ اسٹاف اور انتظامیہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیریز میں کامیابی کھلاڑیوں کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ٹیم مینجمنٹ کی مؤثر حکمت عملی کا ثبوت ہے اور پوری قوم اپنی ٹیم کی اس کامیابی پر خوش ہے اور مستقبل میں بھی قومی ٹیم سے مزید کامیابیوں کی امید رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔