محسن نقوی کی ایرانی ہم منصب سے دو ہفتوں میں تیسری ملاقات

سرحدی سیکیورٹی، علاقائی استحکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق۔


ویب ڈیسک June 05, 2026

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے ایرانی ہم منصب سکندر مومنی سے ملاقات کی جس میں سرحدی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دو ہفتوں کے دوران دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان یہ تیسری ملاقات تھی جو پاکستان اور ایران کے درمیان بڑھتے ہوئے رابطوں اور قریبی تعاون کی عکاس ہے۔

ملاقات میں پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی تعاون کو مزید مؤثر بنانے، سرحدی انتظام و انصرام، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور خطے کی مجموعی امن و استحکام کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

دونوں رہنماؤں نے داخلی سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایران کے ساتھ قریبی روابط کو اہمیت دیتا ہے۔

ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے بھی دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور سرحدی علاقوں میں امن و امان کی بہتری کے لیے رابطوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔