امریکا نے ایران کی فٹبال ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ویزے جاری کر دیے۔
خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کی ٹیم کو ویزا جاری ہونے سے متعلق تصدیق وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے جمعے کے روز کی۔
اس سے قبل میکسیکو میں تعینات ایرانی سفیر ابوالفضل پسندیدہ نے جمعرات کی شب بتایا تھا کہ قومی اسکواڈ کو اب تک امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے۔ تاہم، وائٹ ہاؤس کے مطابق راتوں رات تمام ضروری ویزے جاری کر دیے گئے۔
گروپ جی میں موجود ایران اپنی ورلڈ کپ مہم کا آغاز 15 جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف لاس اینجلس میں میچ سے کرے گا۔ بیلجیم کے خلاف دوسرا میچ بھی لاس اینجلس جبکہ مصر کے خلاف آخری گروپ میچ سیئٹل میں شیڈول ہے۔
واضح رہے ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کی وجہ سے ایران کی ورلڈ کپ میں شرکت غیر یقینی کا شکار تھی۔ جبکہ امریکا کی جانب سے ایران کی ٹیم کو ویزے ایونٹ شروع ہونے سے چند روز قبل جاری کیے گئے ہیں۔