لاہور سمیت پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر، ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

لاہور میں دن کا آغاز ہوتے ہی سورج نے آگ برسانا شروع کر دی


ویب ڈیسک June 08, 2026
فوٹو: فائل

لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک اور شدید گرمی کا راج برقرار ، جبکہ صوبے کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں دن کا آغاز ہوتے ہی سورج نے آگ برسانا شروع کر دی اور صبح کے وقت درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

لاہور میں دن کے ساتھ ساتھ راتوں میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا ہے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت جو 26 ڈگری سینٹی گریڈ تھا جو اب بڑھ کر 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک سے دو روز کے دوران گرمی کی شدت میں بتدریج مزید اضافہ متوقع ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے آئندہ ہفتے کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق 8 سے 12 جون تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی لہر کا خدشہ ہے۔

بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوبی پنجاب اور میدانی اضلاع میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گجرات، گجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

اسی طرح ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ، کوٹ ادو، سرگودھا، جھنگ، خوشاب، میانوالی، نور پور تھل اور ساہیوال میں بھی درجہ حرارت بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید کے مطابق رات کے وقت بھی موسم معمول سے زیادہ گرم رہنے کی توقع ہے جبکہ گرمی کی شدت کے باعث گرد آلود ہواؤں اور طوفان کا خطرہ بھی موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے بچیں، زیادہ پانی پئیں اور غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کرتے ہوئے خود کو ہائیڈریٹ رکھیں۔

ریلیف کمشنر نبیل جاوید نے ہیٹ ویو کے دوران بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کاشتکاروں کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ریسکیو 1122 کو ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے جبکہ شہری علاقوں میں امدادی کیمپ، صاف پانی، او آر ایس اور ابتدائی طبی امداد کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

اس دوران موبائل ہیلتھ ٹیمیں بھی ہیٹ اسٹروک اور پانی کی کمی کے کیسز سے نمٹنے کے لیے متحرک رہیں گی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے سے شمالی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار بھی بڑھ سکتی ہے۔