لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں پولیس نے نجی ہوٹل کے کمرے میں 23 سالہ فضا کولن کو مبینہ طور پر قتل کرکے فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر ایس ایچ او ڈیفنس اے محمد افضال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم وقار یسین کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے، جبکہ مقتولہ کی لاش تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی۔
ایس پی کینٹ کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔
پولیس کی مدعیت میں نامزد ملزم وقار یسین کے خلاف مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔ ایس پی کینٹ اختر نواز نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او ڈیفنس اے محمد افضال اور پولیس ٹیم کو شاباش بھی دی۔
ایس پی کینٹ نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
لاہور میں ڈیفنس اے کے علاقے میں واقع ایک نجی ہوٹل کے کمرے سے سالہ لڑکی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
ایدھی ترجمان کے مطابق متوفیہ کی شناخت 23 سالہ فضا کے نام سے ہوئی ہے، جو ہوٹل کے کمرے میں مردہ حالت میں پائی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون بظاہر نشے کی عادی تھی اور نشے کی زیادتی کے باعث اس کی موت واقع ہوئی، تاہم حتمی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری قانونی کارروائی مکمل کر لی ہے جبکہ لاش کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔