پی ایس ایل 2026 میں 8 ٹیمیں کرنے سے بورڈ کی آمدنی میں اربوں روپے اضافہ

سینیٹ قائمہ کمیٹی میں پی سی بی حکام کی بریفنگ


ویب ڈیسک June 10, 2026

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل 2026 کے اخراجات، آمدن اور منافع کی تفصیلات سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کابینہ سیکرٹریٹ میں پیش کردیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹر رانا محمود الحسن کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں پی سی بی حکام نے بریفنگ دی۔

پی سی بی حکام کے مطابق پی سی ایل میں ٹیموں کی تعداد 8 کرنے سے منافع 2 ارب سے بڑھ کر ساڑھے سات ارب ہوگیا۔ پی ایس ایل 2026 پر مجموعی اخراجات 2 ارب 64 کروڑ 54 لاکھ سے زائد ہوئے جبکہ  مجموعی آمدن 10 ارب 19 کروڑ 52 لاکھ سے زائد رہی۔

رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل 2026 سے پی سی بی کو قبل از ٹیکس 7 ارب 54 کروڑ 98 لاکھ سے زائد کا منافع ہوا جبکہ 2024 میں یہ منافع 2 ارب 46 کروڑ اور  2025 میں یہ منافع 2 ارب روپے تھا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ایس ایل میں اب 8 ٹیمیں ہیں، ساتویں ٹیم 1.75 ارب روپے میں، آٹھویں ٹیم 1.85 ارب روپے میں جبکہ ملتان سلطان 2.45 ارب روپے میں فروخت ہوئی، پی ایس ایل 2026 میں فرنچائز فیس کی مد میں  8 ارب،80 کروڑ،80 لاکھ روپے وصول ہوئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بورڈز شیئر آف سنٹرل پول ریونیو ایک ارب، 29 کروڑ ، 22 لاکھ 71 ہزار 849 روپے، دیگر آمدنی 9 کروڑ 50 لاکھ روپے تھی، آمدنی کے ذرائع میں میڈیا رائٹس فروخت کیے جاتے ہیں، ٹیمیں ہر سال بڈنگ کی فیس ادا کرتی ہیں، ان فنڈز کا باقاعدہ آڈٹ کروایا جاتا ہے۔ براڈ کاسٹنگ رائٹ، گیٹ منی اور اسپانسرز کے 95 فیصد فنڈز ٹیموں کو چلے جاتے ہیں جبکہ پانچ فیصد فنڈز پی سی بی کو آتا ہے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ملازمین کی تنخواہوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی سی بی کے سینئر آفیسرز کی تنخواہ 12 سے 24 لاکھ روپے کے درمیان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ تین بورڈ ممبرز کو وزیراعظم نامزد کرتے ہیں، بورڈ کے 11 ممبرز خود چیئرمین کا انتخاب کرتے ہیں، کمیٹی کی رکن سعدیہ عباسی نے کہا کہ بورڈ میں ایک خاتون ممبر ہونی چاہئے، چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کی بورڈ میں نمائندگی ہونی چاہئے۔

سمیر احمد نے کہا کہ کابینہ اس کی منظوری دے تو تب ہی یہ ہو سکتا ہے،  انہوں نے بتایا کہ ایک کرکٹ سٹیڈیم 12 سے 14 ارب روپے میں تیار ہوتا یے، کراچی کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش پر 5 ارب روپے خرچ ہونگے جبکہ اسلام آباد کرکٹ اسٹیڈیم سی ڈی اے تیار کر رہا یے۔