ٹرین سروس معطل، جعفر ایکسپریس دوسرے روز بھی پشاور نہ پہنچ سکی

ناگزیر وجوہات کی بنا پر ٹرین سروس روک دی گئی ہے،جس کے نتیجے میں سینکڑوں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں، حکام



پاکستان ریلویز کے اہم ترین روٹ پر چلنے والی جعفر ایکسپریس ٹرین دوسرے روز بھی معطل رہی۔ ریلوے ذرائع کے مطابق ناگزیر وجوہات کی بنا پر ٹرین سروس روک دی گئی ہے،جس کے نتیجے میں سینکڑوں مسافر شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد ریلوے اسٹیشن سے واپس کر دیا گیاٹرین کے مسافروں کو گھنٹوں انتظار کے بعد واپسی پر مجبور کیا گیا، جس سے ان کے سفر کے پروگرام مکمل طور پر متاثر ہوئے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور جانے والی اہم ترین مسافر ٹرین ہے جو سندھ کے مختلف شہروں سے گزرتے ہوئے خیبر پختونخوا تک جاتی ہے۔ یہ ٹرین نہ صرف عام مسافروں بلکہ طلباء، تاجروں اور سرکاری ملازمین کی بڑی تعداد کے لیے ترجیحی ذریعہ سفر ہے۔

گزشتہ دو دن سے ٹرین کی آمدورفت مکمل طور پر بند ہونے کی وجہ سے ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کا رش اور بے چینی نمایاں رہی۔

ایک متاثرہ مسافر امان اللہ نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا،کہ میں اپنے فیملی کے ساتھ پشاور جا رہا تھادو دن سے اسٹیشن پر پھنسا ہوا ہوں، نہ ٹرین چل رہی ہے اور نہ ہی کوئی واضح اطلاع مل رہی ہےٹکٹ کی رقم واپس ملے گی یا نہیں، کچھ پتہ نہیں چل رہا۔

ریلوے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ناگزیر وجوہات کی بنا پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، تاہم ان وجوہات کی نوعیت کے بارے میں اب تک کوئی سرکاری وضاحت جاری نہیں کی گئی۔

ریلوے وزارت کی جانب سے بھی اب تک کوئی سرکاری نوٹیفکیشن سامنے نہیں آیا۔جعفر ایکسپریس کی مسلسل معطلی سے نہ صرف مسافروں کے ذاتی اور پیشہ ورانہ کام متاثر ہوئے ہیں بلکہ ریلوے کا ریونیو بھی نقصان اٹھا رہا ہے۔

کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کی بڑی تعداد متبادل ذرائع تلاش کر رہی تھی۔ کچھ مسافروں نے بس سروس کا سہارا لیا جبکہ کئی لوگ اپنے ٹکٹ منسوخ کرانے کے لیے اسٹیشن ماسٹر کے دفتر کے چکر لگا رہے تھے۔

ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی مسائل حل ہو جائیں گے، ٹرین سروس فوری طور پر بحال کر دی جائے گی۔ تاہم مسافروں کا مطالبہ ہے کہ ریلوے انتظامیہ بروقت اور شفاف اطلاع رسانی کرے تاکہ لوگوں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ریلوے حکام کے جانب سے مسافروں کے لیے اہم ہدایات سفر سے پہلے ریلوے کی آفیشل ویب سائٹ، ایپ یا ہیلپ لائن نمبروں پر تصدیق ضرور کریں۔

ٹکٹ کی رقم واپسی کے لیے متعلقہ اسٹیشن ماسٹر سے رجوع کریں۔• متبادل طور پر بس یا دیگر ٹرانسپورٹ کا سروسز کا استعمال کریں۔یہ معطلی پاکستان ریلویز کے نظام میں درپیش چیلنجز کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے۔

جعفرایکسپریس جیسے اہم روٹس پر مسلسل معطلی نہ صرف مسافروں کے اعتماد کو متاثر کرتی ہے بلکہ قومی ریلوے نظام کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھاتی ہے۔