کراچی:
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 2026 تا 2029ء کے لیے پہلا ریسرچ ایجنڈا جاری کر دیا۔
یہ ریسرچ ایجنڈا تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی اور ملکی معاشی منظرنامے میں اسٹیٹ بینک کی تحقیقی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے۔ اس حوالے سے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی حرکیات اور زری پالیسی، مالی شعبے کی گہرائی، استحکام اور کارکردگی اور ساختی تبدیلی و اقتصادی ترقی اس کے اسٹریٹجک موضوعات ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق یہ ریسرچ ایجنڈا تحقیقی خلا کو پُر کرنے اور باخبر میکرو اکنامک پالیسی سازی کو فروغ دے گا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ریسرچ ایجنڈا معاشی اور مالی شعبے کے ابھرتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون اور علم کے تبادلے کی اہمیت کو بھی اجاگر کرے گا۔ اسٹیٹ بینک کا مقصد انفرادی اور ادارہ جاتی سطحوں پر ماہرینِ تعلیم، پالیسی محققین، سرکاری اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز میں اشتراک کا فروغ ہے۔