ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کو ایک غیر متوقع صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق انگلینڈ ٹیم کے تربیتی سامان کی ایک کھیپ امریکا کے شہر کینساس سٹی پہنچنے سے پہلے چوری کر لی گئی۔
ذرائع کے مطابق فٹبال ایسوسی ایشن اس بات کی تصدیق کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ کن اشیاء کو نشانہ بنایا گیا تاہم ابتدائی اطلاعات میں فٹبالز اور کھلاڑیوں کے جوتے غائب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ سامان اس وقت چوری ہوا جب اسے سوپ سوکر ولیج میں ٹیم کے بیس کی جانب منتقل کیا جا رہا تھا اور اس دوران گاڑیوں کے تالے توڑ دیے گئے۔
انگلینڈ کے ہیڈ کوچ تھامس ٹچل اور اسکواڈ ہفتے کی دوپہر کینساس سٹی پہنچنے والے ہیں جبکہ یہ سامان پہلے ہی وہاں موجود ہونا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں اور فٹبال ایسوسی ایشن سے رابطے میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس معاملے میں دو افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ چوری انگلینڈ کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کو متاثر کر سکتی ہے۔