فیفا ورلڈکپ: انگلینڈ ٹیم کے چوری ہونے والے قیمتی سامان کی مالیت کتنی ہے؟

32 اشیاء میں سے صرف تین دستخط شدہ جرسیوں کی مالیت ہی تقریباً 15 ہزار ڈالرز بتائی گئی ہے


اسپورٹس ڈیسک June 15, 2026

انگلینڈ ٹیم کو فیفا ورلڈکپ 2026 کے آغاز سے قبل اس وقت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب ٹیم کا سامان لے جانے والی گاڑی سے ہزاروں ڈالر مالیت کا سامان چوری کر لیا گیا۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹیم کا سامان فلوریڈا میں قائم پری ٹورنامنٹ کیمپ سے کنساس سٹی منتقل کیا جا رہا تھا۔

امریکی ریاست کے پراسیکیوشن دفتر کے مطابق چوری ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 18 ہزار ڈالر (پاکستانی تقریباً 50 لاکھ روپے سے زائد) بتائی گئی ہے۔

واقعے کے سلسلے میں دو افراد، مصطفیٰ سالک اور عرفان کمال کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق چوری شدہ سامان میں چار جوڑے فٹبال بوٹس، ایک فٹبال، گول کیپر کے دستانے، تربیتی کٹ اور تین دستخط شدہ جرسیوں سمیت تقریباً 32 اشیاء شامل تھیں۔

صرف تین دستخط شدہ جرسیوں کی مالیت تقریباً 15 ہزار ڈالرز بتائی گئی ہے جبکہ بعض اشیاء کی مالیت سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

تاہم انگلش فٹبال ایسوسی ایشن نے واضح کیا ہے کہ چوری ہونے والی اشیا میں کوئی ایسی چیز شامل نہیں تھی جو ٹیم کی تیاریوں یا کروشیا کے خلاف پہلے میچ پر اثر انداز ہو۔

حکام کا کہنا ہے کہ چوری شدہ سامان کا بیشتر حصہ بعد ازاں برآمد بھی کر لیا گیا ہے۔