ماہی گیر لانچوں پر ویسل مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کا فیصلہ

آلات نصب ہونے سے سیکڑوں لانچوں کی موجودگی میں مشتبہ لانچ کی شناخت ہوگی


آفتاب خان June 15, 2026

کراچی:

ماہی گیرلانچوں پرویسل مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کا حتمی فیصلہ کرلیاگیا،آلات نصب کرنے سے پہلے تمام لانچوں کوباقاعدہ طورپررجسٹرڈ کیا جائیگا، سندھ، بلوچستان کی 10ہزارکے قریب لانچوں کو وی ایم ایس کے دائرے میں لایاجائیگا۔

ابتدائی مرحلے میں 4 ہزار سندھ اور 4 ہزار بلوچستان کی لانچوں کو شامل کیا جائیگا، 12 میٹر لمبی (39فٹ) لانچوں پرآلات نصب ہونگے۔

پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے وی ایم ایس کی تنصیب کویقینی بنایاجائیگا، مواصلاتی آلات کی نصب ہونے کے بعد سمندرمیں بیک وقت سیکڑوں لانچوں کی موجودگی میں مشتبہ لانچ کی شناخت، جائے حادثہ تک رسائی،نقصان دہ جالوں وغیرقانوی ماہی گیرکا تدارک،منشیات کی نقل وحرکت،انسانی اسمگلنگ سمیت دیگرغیرقانونی سرگرمیوں کی کڑی نگرانی ممکن ہوسکے گی۔

ایک سے ڈیڑھ لاکھ روپے لاگت کی رقم کا خرچہ حکومت برداشت کریگی،وی ایم ایس آلہ ملکی سطح پرتیارکیاجارہا ہے۔

ذرائع پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے مطابق ابتدائی طور پر سندھ، بلوچستان کی 10ہزارلانچوں پرویسل مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وی ایم ایس کی عدم تنصیب کی وجہ سے کھلے سمندرمیں اس وقت بھی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سمیت دیگراداروں کی دشواریاں بڑھ جاتی ہیں جب سمندرمیں کسی لانچ کے ذریعے شراب اوردیگرمنشیات کی اسمگلنگ کی اطلاع موصول ہوتی ہے۔

ویسل مانٹیرنگ سسٹم کے ذریعے پرسنل سیفٹی گیئرزاورآگ بجھانے والے آلات کے بغیرموجود کسی بھی بوٹ کی نشاندہی ہوسکے گی۔

اس میں یہ سہولت یہ ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں صرف ایک بٹن کودبانے پرکسی بھی نامساعدحالات میں گھری لانچ تک تلاش و بچائو پرماموراداروں کی رسائی ممکن ہوسکے گی۔