فیفا ورلڈکپ: اردن کو شکست، آسٹریا نے 35 سال بعد ورلڈ کپ میں فتح کا مزہ چکھ لیا

76ویں منٹ میں اردن کے دفاعی کھلاڑی یزن العرب سے ہونے والے بدقسمت اون گول نے آسٹریا کو دوبارہ برتری دلا دی


اسپورٹس ڈیسک June 17, 2026

آسٹریا نے ورلڈ کپ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے نووارد اردن کو 1-3 سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریا نے 1990 کے بعد پہلی مرتبہ فیفا ورلڈکپ کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کر لی۔

سان فرانسسکو میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کیا تاہم آخری لمحات میں آسٹریا نے برتری ثابت کر دی۔

میچ کا پہلا گول 21ویں منٹ میں آسٹریا کے رومانو شمڈ نے کیا۔ اردن نے ہمت نہ ہاری اور دوسرے ہاف کے آغاز کے پانچ منٹ بعد ہی علی علوان کے شاندار گول کی بدولت مقابلہ برابر کر دیا۔

آسٹریا کے تجربہ کار فارورڈ مارکو آرناؤٹووچ نے ایک موقع پر گول بھی کیا لیکن وی اے آر جائزے کے بعد یہ گول ہینڈ بال کی وجہ سے مسترد کر دیا گیا۔

تاہم 76ویں منٹ میں اردن کے دفاعی کھلاڑی یزن العرب سے ہونے والے بدقسمت اون گول نے آسٹریا کو دوبارہ برتری دلا دی۔

اضافی وقت میں مارکو آرناؤٹووچ نے پنالٹی پر گول کر کے فتح پر مہر ثبت کر دی۔

اس کامیابی کے بعد آسٹریا کا اگلا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا جبکہ اردن الجزائر کے خلاف مثبت نتیجے کی تلاش میں میدان میں اترے گا۔