انگلینڈ نے فیفا ورلڈکپ میں اپنی مہم کا آغاز شاندار انداز میں کرتے ہوئے کروشیا کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-4 سے شکست دے دی۔
ڈیلاس میں کھیلے گئے میچ میں اگرچہ انگلینڈ کی دفاعی کمزوریاں بھی نمایاں رہیں تاہم مجموعی طور پر انگلش ٹیم نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
میچ کے 12ویں منٹ میں ہیری کین نے پنالٹی کے ذریعے انگلینڈ کو برتری دلائی۔ ابتدا میں کروشین گول کیپر ڈومینک لیواکووچ نے پنالٹی بچا لی تھی تاہم لائن سے آگے بڑھنے پر پنالٹی دوبارہ دی گئی اور کین نے اس بار کوئی غلطی نہ کی۔
کروشیا نے 36ویں منٹ میں مارٹن باتورینا کے شاندار گول کی بدولت مقابلہ برابر کر دیا لیکن وقفے سے تین منٹ قبل ہیری کین نے ڈیکلن رائس کے کارنر پر ہیڈر کے ذریعے دوبارہ انگلینڈ کو برتری دلا دی۔ یہ کین کا ورلڈ کپ میں 10واں گول تھا۔
پہلے ہاف کے اختتام سے چند لمحے قبل کروشیا کے پیٹر موسیٰ نے گول کرکے اسکور ایک بار پھر برابر کر دیا۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں جوڈ بیلنگھم نے شاندار انفرادی کوشش سے انگلینڈ کو تیسری بار برتری دلائی، جبکہ متبادل کھلاڑی مارکس راشفورڈ نے آخری لمحات میں گول کرکے فتح یقینی بنا دی۔