انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کے نیٹ ورک کے حوالے سے نئی انکشافات

پنکی اور اس کے گروپ کے زیر استعمال 30 کے قریب بینک اکاؤنٹس میں بھاری رقومات کی ٹرانزیکشنز ہوئیں، ذرائع


آفتاب خان June 18, 2026
فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کے قائم نیٹ ورک کے حوالے سے تحقیقات کے دوران مزید سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔

ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کے قائم مالیاتی نیٹ ورک کے بارے میں انکشافات ہوئے ہیں، پنکی اور اس کے گروپ کے زیر استعمال 30 کے قریب بینک اکاؤنٹس میں بھاری رقومات کی ٹرانزیکشنز ہوئیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزمان کے مالیاتی نیٹ ورک سے رقومات کی منتقلی کا دورانیہ 2020 سے 2026 پرمشتمل تھا، محمد سمیر کا کردار مختلف پرنسپل اکاؤنٹس سے رقم وصول کرنے اور دیگر ملزمان کو منتقل کرنے والا رہا، اکاؤنٹس ٹرانزیکشنزکے لیے مختلف بینک اکاؤنٹس ملزمان کے نام سے آپریٹ کیے جاتے رہے۔

مزید بتایا گیا کہ فیاض کمیونیکیشنز ذیشان الرحمان، فیاض الرحمان، سہیل الرحمان اور محمد سمیر کے درمیان فنڈز ٹرانسفر کا ایک منظم ذریعہ رہا، کمیونیکشنز کے ذریعے 9 ملین سے زائد کی رقم پرمبنی 105 ٹرانزیکشنز سمیر نامی ملزم کو کی گئیں اور اسی ذریعے سے حمیرا، بیسل ایمیکا اور اوچوبا چیک چنوبا نامی غیرملکی خواتین کو بھی فنڈز منتقل کیے گئے۔

ملزمان کے مالیاتی نیٹ ورک سے ٹرانزیکشنز مختلف پاکستانی بینکوں کے اکاؤنٹس سے ہوئیں، ملکی بینک اکاونٹ سے زیادہ فنڈز سمیر کے اکاؤنٹس میں دیگر بینکوں میں منتقل ہوئے، فیاض کمیونیکیشنزکے بینک اکاؤنٹ سے سمیرکے جازکیش اکاؤنٹ میں 13 ٹرانزیکشنز کے ذریعے ایک ملین سے زائد رقم منتقل ہوئی۔

منتقل رقم میں سے سمیرنے ایک بینک اکاؤنٹ کے ذریعے بیسل ایمیکا کو7لاکھ 10 ہزارروپے کی 4 ٹرانزیکشنز کیں، فیاض کمیونیکشیز کے بینک اکاؤنٹ سے 5 ٹرانزیکشنزکے ذریعے بیسل ایمیکا کو 10لاکھ سے زائد رقم منتقل ہوئی۔

ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کے مالیاتی نیٹ ورک سے 9 غیر تصدیق شدہ ٹرانزیکشنز سے بیسل ایمیکا کو 20 لاکھ سے زائد منتقل ہوئے، مالیاتی نیٹ ورک سے بیسل ایمیکا کوغیرتصدیق شدہ ٹرانزیکشنزکے ذریعے بھی 10 لاکھ سے زائد رقم منتقل ہوئی۔

تحقیقات میں انکشاف کیا گیا کہ حمیرانامی خاتون کو ذیشان الرحمان کے ایزی پیسہ اکاؤنٹ سے 6 ٹرانزیکشنز کے ذریعے رقم منتقل ہوئی، حمیرا کی جانب سے بھی 6 ٹرانزیکشنزکے ذریعے ذیشان کو سمیرنے بھی حمیرا کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل کی، اسی طرح اوچوبا چیک چنوبا نامی خاتون کو بھی نیٹ ورک کے مختلف ارکان نے نجی بینک اکاؤنٹ سے 19 لاکھ ٹرانسفر کیے۔

ذرائع نے بتایا کہ رقم فیاض الرحمان، سہیل الرحمان، ذیشان الرحمان، فیاض کمیونیکشنز اور حمیرا نے مختلف اکاؤنٹس سے منتقل کی۔