امریکا، کینیڈا اور میکسیکو کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جانے والے فیفا ورلڈکپ 2026 کے آغاز میں ہی سنگین سیکیورٹی مسائل دیکھنے میں آئے ہیں۔
امریکا میں انگلینڈ اور کروشیا کے میچ کے دوران بغیر ٹکٹ اور چیکنگ کے شائقین کے اسٹیڈیم میں باآسانی گھسنے کی خبریں سامنے آئیں۔
اسی طرح میکسیکو میں بھی سیکیورٹی کا ایک اہم واقعہ سامنے آیا ہے جہاں جنوبی کوریا کی ٹیم کے ٹریننگ سیشن کے دوران ایک مشکوک ڈرون کو فضا میں دیکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق میکسیکن فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس غیر رجسٹرڈ ڈرون کو مار گرایا جس سے جاسوسی کے خدشات پیدا ہو گئے تھے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جنوبی کوریا کی ٹیم گواڈالاہارا میں میکسیکو کے خلاف اپنے اہم میچ کی تیاریوں میں مصروف تھی۔
ٹیم کے کوچ ہانگ میونگ بو نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس واقعے نے ٹیم کی تیاریوں کو زیادہ متاثر نہیں کیا لیکن یہ وقت نہایت اہم تھا اس لیے یہ صورتحال افسوسناک ہے۔
یہ کارروائی ورلڈ کپ کے دوران سخت سیکیورٹی انتظامات کا حصہ تھی، جس میں ہزاروں اہلکار اور جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ 2024 پیرس اولمپکس میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ سامنے آیا تھا جب کینیڈا کی خواتین ٹیم پر ڈرون کے ذریعے جاسوسی کا الزام لگا تھا۔