پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ کا کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان

گڈزٹرانسپورٹرزنے مشکل وقت میں ملک کے وسیع تر مفاد میں گاڑیاں نقصان میں چلائی، ملک شہزاد اعوان


ویب ڈیسک June 19, 2026
فوٹو فائل

گڈزٹرانسپورٹرزنے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی کے بعد کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان گڈزٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ڈیزل پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد کمی کا اعلان کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کے مشکور ہیں کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کیا، امید کرتے ہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مذید  کمی کی جائے گی۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گڈزٹرانسپورٹرزنے مشکل وقت میں ملک کے وسیع تر مفاد میں گاڑیاں نقصان میں چلائی۔ شہزاداعوان کا کہناتھا کہ وفاقی بجٹ 2026/2027 میں ود ہولڈنگ ٹیکس میں اضافہ واپس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں گڈز ٹرانسپورٹرز کو ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس، ای چالان موٹروے پولیس کے چالان سمیت دیگر ٹیکسز میں ریلیف دیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ انڈسٹری جتنے ٹیکسز ادا کرتی ہے،وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتیں اتنی سہولیات بھی فراہم کرے۔