منشیات ڈیلر انمول پنکی کیخلاف حتمی چالان جمع کرانیکا حکم، شریک ملزمان  سے متعلق فیصلہ محفوظ

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے اسپیشل پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرلی


کورٹ رپورٹر June 20, 2026
فوٹو اسکرین گریپ

کراچی:

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ڈرگ ڈیلرانمول عرف پنکی کیخلاف 2 مقدمات کا حتمی چالان عاشورہ محرم کے بعد جمع کرانے کا حکم دیدیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو ڈرگ ڈیلرانمول عرف پنکی کیخلاف دو مقدمات کی سماعت ہوئی جب کہ گارڈن پولیس مقدمات کا حتمی چالان پیش نہیں کر سکی۔

اسپیشل  پراسیکیوٹر عبد الرحمن تھیم نے موقف دیا کہ انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کے خلاف گارڈن میں 2 مقدمات درج ہیں۔ پولیس نے انمول عرف پنکی کے فلیٹ پر چھاپا مارکر منشیات اور اسلحہ برآمد کیا تھا۔

عدالت کو مزید بتایا گیا کہ تفتیشی افسر نے مقدمات کا عبوری چالان گزشتہ ہفتےجمع کروادیا تھا جب کہ مقدمےانمول عرف پنکی کے 4 سہولت کار بھی گرفتارہیں، حتمی چالان کے لیے مہلت دی جائے۔

عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرلی اور حتمی چالان کے لیے مہلت دیدی۔ عدالت نے عاشورہ محرم کے بعد مقدمات کا حتمی چالان پیش کرنے کا حکم دیدیا۔

شریک ملزمان سے متعلق فیصلہ محفوظ

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی اور دیگر کیخلاف منشیات کے مقدمے سے شریک ملزمان کا نام خارج کرنے اور کال ریکارڈ کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کی عدالت کے روبرو ملزمہ انمول عرف پنکی اور دیگر کیخلاف منشیات کے مقدمے سے شریک ملزمان کا نام خارج کرنے اور کال ریکارڈ کی درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

پراسیکیوٹر عبد الرحمان تھیم نے موقف دیا کہ ملزمان کا نام مقدمہ سے خارج نہیں کیا جا سکتا۔ مقدمہ سے نام خارج کرنے کی درخواست ریمانڈ کے وقت لگائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کی درخواست ضمانت بھی سیشن عدالت مسترد کرچکی ہے۔ ملزمہ کی گرفتاری پر ملزمان نے اپنے نمبر بند کردیے تھے۔

عدالت نے دونوں درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا اور سماعت 27 جون تک ملتوی کردی۔ آئندہ سماعت پر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ شریک ملزمان ذیشان اور سہیل کی جانب سے سی ڈی آر اور مقدمے سے نام خارج کرنے کی دو درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔