پی آئی اے رواں ماہ کے آخر تک نئے خریدار کے حوالے کیے جانے کا امکان

کامیاب بولی دہندہ کے ساتھ شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن ایگریمنٹ پر دستخط ہو چکے ہیں


ارشاد انصاری June 20, 2026

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا ہے اور رواں ماہ کے اختتام تک ادارہ نئے خریدار کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔

نجکاری کمیشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے لیے ملکی اور بین الاقوامی منظوریوں کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ تمام این او سیز اور دیگر ضروری اجازت نامے بھی حاصل کیے جا چکے ہیں۔

اس سلسلے میں کامیاب بولی دہندہ کے ساتھ شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن ایگریمنٹ پر دستخط ہو چکے ہیں۔

حکام کے مطابق خریدار معاہدے کے تحت فرسٹ کلوزنگ پر باقی رقم جمع کرائے گا۔ نجکاری کمیشن کے مطابق فرسٹ کلوزنگ کے وقت تقریباً 85 ارب روپے کی ادائیگی متوقع ہے جس کے ساتھ ہی حصص کی منتقلی اور انتظامی کنٹرول باضابطہ طور پر خریدار کے حوالے کر دیا جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلوزنگ کا عمل رواں ماہ جون کے اختتام تک مکمل کرنے کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں، جس کے بعد پی آئی اے کا انتظامی کنٹرول مکمل طور پر نئے خریدار کے پاس منتقل ہو جائے گا۔