ایشین ڈبل اسکواش چیمپئن شپ: پاکستان ٹیم ون نے فائنل میں جگہ بنالی

پاکستان ٹیم ٹو نے سنگاپور کو محض 13 منٹ کے مقابلے کے بعد 0-2 سے قابو کرکے چیمپئن شپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لی


اسپورٹس ڈیسک June 20, 2026

پاکستان ٹیم ون نے میزبان ملائشیا کو شکست دے کر تیسری ایشین ڈبل اسکواش چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ملائیشیا کے شہر سرا واک میں جاری تیسری ایشین ڈبل اسکواش چیمپئن شپ میں ہفتہ کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان اور سابق قومی چیمپئن ناصر اقبال نے 25 منٹ کے مقابلے کے بعد ملائیشیا کو 0-2 سے مات دی۔

پاکستان نے ہمیشن راج چندرن اور جوا چم چوہا پر مشتمل  ناکام ٹیم کے خلاف پہلا گیم 8-11 سے جیتنے کے بعد دوسرے گیم میں بھی 5-11 سے فتح حاصل کر کے ٹرافی پر نظریں  مرکوز کرلیں۔

پاکستان نےگزشتہ برس چیمپئن شپ میں سلور میڈل اپنے نام کیا تھا۔

دوسری جانب سابق عالمی جونیئر چیمپئن محمد حمزہ خان اور انٹرنیشنل کھلاڑی محمد عاصم خان پر مشتمل پاکستان ٹیم ٹو نے سنگاپور کو محض 13 منٹ کے مقابلے کے بعد 0-2 سے قابو کرکے چیمپئن شپ میں پانچویں پوزیشن حاصل کر لی۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے اعزازی سیکریٹری ایئر کموڈور ریٹائرڈ عامر نواز ٹیم مینیجر اور سابق عالمی کھلاڑی فہیم گل کوچ کی ذمہ داری ادا کر رہے ہیں۔