سوئٹزرلینڈ میں امن مذاکرات؛ امریکی اور ایرانی وفد میں کون کون شامل ہے؟

سوئٹزرلینڈ کے سیاحتی مقام پر امریکا ایران مذاکرات کل 21 جون بروز اتوار ہوں گے


ویب ڈیسک June 20, 2026

پاکستان کی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں امریکا ایران مذاکرات کا اہم مرحلہ کل 21 جون بروز اتوار شروع سے ہوگا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد سوئٹزرلینڈ کے لیے روانہ ہوگیا جہاں وہ امریکی وفد سے مفاہمتی یادداشت کی جزئیات طے کریں گے۔

ایرانی وفد کی قیادت پارلیمان کے اسپیکر باقر قالیباف کر رہے ہیں جبکہ ان کے ہمراہ وزیر خارجہ عباس عراقچی، مرکزی بینک کے گورنر عبد الناصر ہمتّی اور سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل سیکرٹریٹ کے بین الاقوامی امور کے نائب علی باقری بھی ہوں گے۔

علاوہ ازیں نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی، وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی، نائب وزیر تیل حمید بورڈ سمیت ملک کے اعلیٰ اقتصادی اور سیکیورٹی حکام بھی وفد کا حصہ ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا خصوصاً سی این این نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی ممکنہ طور پر مذاکرات میں شرکت کے لیے سوئٹزرلینڈ جائیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر کے مشیر اور داماد جیرڈ کشنر پہلے ہی سوئٹزرلینڈ میں موجود ہیں جب کہ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف بھی جنیوا کے لیے روانہ ہوچکے ہیں۔

اس طرح امریکی وفد میں جے ڈی وینس، جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف شامل ہوں گے جن کی معاونت ملک کے نامور سفارتی اور اقتصادی ماہرین کریں گے۔

دوسری جانب مرکزی ثالث پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی ایران پہنچے۔ ایرانی صدر اور وزیر خارجہ سے ملاقات کی جب کہ وزیراعظم شہباز شریف بھی ممکنہ طور پر سوئٹزرلینڈ جائیں گے۔

ادھر امریکا ایران معاہدے کے ایک اور اہم ثالث قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی جو کے درمیان اہم ثالثوں میں شمار کیے جاتے ہیں جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ پہنچ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا، ایران اور ثالث پاکستان نے مفاہمتی یادداشت پر بدھ کے روز دستخط کیے تھے جس کے بعد سے آبنائے ہرمز کھول دی گئی تاہم اسرائیل نے تاحال لبنان پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔