کراچی، پوش علاقے میں ہوائی فائرنگ، چار ملزمان گرفتار، غیر لائسنس یافتہ ایس ایم جی برآمد

گاڑی کے پچھلے حصے میں سوار افراد ہوائی فائرنگ کر رہے تھے



کراچی:

شہر قائد میں ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے پورش علاقے میں ہوائی فائرنگ کرنے والے چار ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے غیر لائسنس یافتہ سب مشین گن (ایس ایم جی) بھی برآمد کر لی گئی۔

ترجمان ضلع ساؤتھ پولیس کے مطابق تھانہ ساحل کی حدود میں مین اتحاد روڈ صبا سگنل، فیز 6 ڈی ایچ اے کے قریب معمول کی گشت کے دوران ایک ڈبل کیبن گاڑی کو انتہائی غفلت اور لاپرواہی سے چلتے ہوئے دیکھا گیا۔

گاڑی کے پچھلے حصے میں سوار افراد ہوائی فائرنگ کر رہے تھے جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم ملزمان نے فرار ہونے کی کوشش کی۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کا تعاقب کیا اور اسے روک کر چار افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت عادل مصطفیٰ، میر دانیال علی، وقار عثمان ناریجو اور شہزیب پیرزادہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک غیر لائسنس یافتہ ایس ایم جی برآمد کر لی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف تھانہ ساحل میں مقدمہ نمبر 197/2026 بجرم دفعات 279، 186، 337-H(ii) اور 34 تعزیراتِ پاکستان جبکہ مقدمہ نمبر 198/2026 بجرم دفعہ 23(1-A) سندھ آرمز ایکٹ کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

ضلع ساؤتھ پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ جیسے خطرناک اور غیر قانونی عمل میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔