کالعدم ٹی ٹی پی مولوی مخلص گروپ کا انتہائی مطلوب دہشت گرد گرفتار، اہم انکشافات

مولوی مخلص یار نے سلمان عرف ابوہریرہ اور دیگر دہشت گردوں کو کراچی میں بڑی خودکش کارروائی کیلئے بھیجا


اسٹاف رپورٹر June 21, 2026

سی ٹی ڈی اور وفاقی سول حساس ادارے نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئےانتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتارکرلیا، گرفتار دہشت گرد کا تعلق فتنۃالخوارج کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مولوی مخلص گروپ سے ہے، گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے خودکش جیکٹ، حساس مقامات کی تصاویر اور نقشے بھی برآمد کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹرٹیرازم ڈپارٹمنٹ اوروفاقی سول حساس ادارے نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد تنظیم فتنۃالخوارج کالعدم تحریک طالبان پاکستان مولوی مخلص گروپ کے دہشت گرد کا گھیرا تنگ کرتے ہوئے ٹی ٹی پی کے تربیت یافتہ خفیہ سلیپر سیل کے اہم رکن خود کش دہشت گرد سلمان عرف ابوہریرہ ولد ابرہیم کومقابلے کے بعد گرفتار کرلیا.

گرفتار دہشت گرد انتہائی مطلوب دہشت گرد زعفران عر ف ابو ہریرہ کا قریبی ساتھی رہا ہے جو ا پنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سائٹ اے تھانے کی حدود میں لبرٹی ٹیکسٹائل ملز میں کام کرنے والے غیر ملکی باشندوں کو فائرنگ کرکے زخمی کرنے میں ملوث رہا ہے.

گرفتار دہشت گرد کے قبضے سے ایک خود کش جیکٹ، حساس مقامات کے تصاویر اور نقشے بھی برآمد کر لیے، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم زعفران مقابلے میں ہلاک ہو گیا جس پر ایک کروڑ کا انعام مقرر تھا اس کی ہلاکت کے بعد مولوی مخلص یار(اسپیشل استشہادی فورس) خود کش بمباری کیمپ کا امیر ہے.

مولوی مخلص یارنے گرفتار ملزم سلمان اور دیگر دہشت گردوں کو کراچی میں بڑی خود کش دہشت گرد کاروائی کی غرض سے کراچی بھجوایا،جبکہ کچھ خود کش بمبار ساتھی ابھی کراچی آنے تھے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزم کا ایک ساتھی سال 2025 میں کوئٹہ ایف سی کے خود کش حملے میں شامل تھا جو کہ مارا گیا جبکہ ملزم کا دوسرا ساتھی سال 2025 میں ہی ڈیرہ اسماعیل خان پولیس ٹریننگ سینٹردھماکے کے خود کش حملے میں شامل تھا اور مارا گیا.

گرفتارملزم افغانستان سے خود کش حملوں کی کمانڈو ٹریننگ حاصل کرچکا ہے،ملزم مولوی مخلص یارکے حکم پراپنے ساتھی ادریس عرف اسداللہ کے ہمراہ کراچی آیا جہاں ملزمان نے ابتداء میں ٹارگٹ کلنگ کرنی تھی اور بعد میں اپنے دیگر دہشت گردخود کش حملہ آور ساتھیوں کے ہمراہ کراچی میں خود کش دھماکہ کرنا تھا.

گرفتار دہشت گرد ملزم کے دیگر دہشتگرد ساتھیوں شیر زمان عرف مولوی مخلص ولد نیاز خان امیر استشہادی فورس افغانستان، کمانڈر افغانستان محمد شعیب اقبال عرف منیب چیمہ ولد محمد اقبال، کمانڈر افغانستان اظہار الحق عرف مولوی حمزہ ولد محمد سلیم، خود کش حملہ آور ادریس عرف اسداللہ ولدمحمد قاسم شامل ہیں.

گرفتار دہشت گرد کے خلاف 2 مقدمات 51/2026 اور25/2026 سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیے گئے ہیں گرفتار ملزم سے انٹروگیشن جاری ہے, مزید انکشافات کی توقع ہے اور ملزم کے تنظیمی ساتھیوں اورٹارگٹ کلر ز کی گرفتاری کے لئے سی ٹی ڈی اوروفاقی سول حساس ادارے کی مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں ہیں جو ملزم کے ساتھیوں و سہولت کاروں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مار رہی ہیں جو کہ عنقریب بڑی کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔