فیفا ورلڈکپ: 48 ٹیموں میں واحد خاتون ڈاکٹر نے تاریخ رقم کردی

ڈاکٹر ہورمین کا کہنا ہے کہ مردوں کے غلبے والے شعبے میں کام کرنا ان کے لیے نیا نہیں ہے


اسپورٹس ڈیسک June 22, 2026

مردوں کے فیفا ورلڈکپ 2026 میں دنیا بھر کی 48 ٹیموں کے ہزاروں افراد کے درمیان کیریبین جزیرے کیوراساؤ کی ڈاکٹر سوزین ہورمین ایک منفرد تاریخ رقم کررہی ہیں۔

36 سالہ ڈاکٹر ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے میڈیکل اسٹاف میں واحد چیف میڈیکل آفیسر ہیں اور مردوں کے ورلڈکپ کی 96 سالہ تاریخ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والی صرف تیسری خاتون ڈاکٹر ہیں۔

برازیل میں پیدا ہونے والی سوزین ہورمین اس سے قبل ریال میڈرڈ، پی ایس وی آئنڈھوون اور گو اہیڈ ایگلز جیسے معروف فٹبال کلبز کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔

وہ نیدرلینڈز کی انڈر 16 ٹیم اور خواتین کی ہینڈبال ٹیم سے بھی وابستہ رہی ہیں۔

ڈاکٹر ہورمین کا کہنا ہے کہ مردوں کے غلبے والے شعبے میں کام کرنا ان کے لیے نیا نہیں ہے۔

کیوراساؤ کے 49 رکنی وفد میں وہ واحد خاتون ہیں، تاہم ان کے مطابق اگر آپ اپنی صلاحیت ثابت کر دیں تو قبولیت حاصل کرنا مشکل نہیں رہتا۔

کیوراساؤ اور جرمنی کے درمیان میچ کے دوران ایک اور تاریخی لمحہ اس وقت سامنے آیا جب پہلی مرتبہ مردوں کے ورلڈکپ میں مکمل بیرونی میڈیکل ٹیم خواتین پر مشتمل تھی۔

تقریباً ایک لاکھ 58 ہزار آبادی والے کیوراساؤ نے بغیر کوئی میچ ہارے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

واضح رہے کہ اگرچہ ٹیم اپنے پہلے میچ میں جرمنی سے 1-7 سے ہار گئی تھی، تاہم ایکواڈور کے خلاف صفر گول سے ڈرا کے بعد اس کی ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی کی امیدیں اب بھی برقرار ہیں۔