لاہور میں گلشن اقبال پولیس نے ون فائیو کال پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے یونیورسٹی کی طالبہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے والے رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق طالبہ امتحان دینے کے لیے رکشے میں سوار ہوئی، تاہم ڈرائیور اسے مقررہ منزل پر لے جانے کے بجائے ایک سنسان گلی میں لے گیا۔ طالبہ کے مطابق اس نے بارہا ڈرائیور سے امتحان کے لیے بروقت پہنچانے کی درخواست کی، جس پر ملزم نے مبینہ طور پر شرط عائد کی کہ امتحان کے بعد وہ اس کے ساتھ جائے گی، تب ہی اسے چھوڑا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ نے امتحان مکمل کرنے کے بعد ملزم امجد کو دوبارہ بلایا اور ساتھ ہی پولیس کو اطلاع دے دی۔ اطلاع ملنے پر گلشن اقبال پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کے حوالے سے طالبہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے کیس انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان نے ملزم کی گرفتاری پر گلشن اقبال پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی اور ایسے افراد کی جگہ جیل ہے۔