کراچی؛ پولیس مقابلوں میں 5 زخمیوں سمیت 8 ڈاکو گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

زخمی ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس نے مزید تفتیش شروع کردی ہے


اسٹاف رپورٹر June 24, 2026
(فوٹو: فائل)

کراچی:

پاک کالونی ، گلبرگ ، ایس آئی یو اور شارع فیصل پولیس نے مبینہ مقابلوں میں 5 زخمیوں  سمیت 8 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ ، منشیات اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق  پاک کالونی پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب پرانا گولیمار کالا گیٹ ندی کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد 2 زخمیوں  سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ زخمی ملزمان کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت 22 سالہ عبدالرحمان ولد افتحار اور 32 سالہ عبداللہ ولد شہباز کے ناموں سے کی گئی جبکہ دیگر 2 گرفتار ملزمان نے اپنے نام  فواد عرف فودی اور ذاکر حسین بتائے ۔

گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ گرفتار ملزمان سے 2 پستولیں بمعہ گولیاں ، 185 گرام منشیات ( آئس)،  موبائل فونز اور کیش رقم برآمد کی گئی ۔ گرفتار ملزمان منشیات فروشی اور سپلائی میں ملوث رہے ہیں ۔

دوسری جانب گلبرگ پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب غوثیہ مسجد بلاک 4 فیڈرل بی ایریا سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت زبیر ولد محمد ایوب کے نام سے کی گئی ، جس  کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی ۔

علاوہ ازیں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے شریف آباد کے علاقے سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت سیف الاعجاز عرف بلا کے نام سے کی گئی ، جس کے قبضے سے ایک پستول بمہ گولیاں ، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی۔

دریں اثنا شارع فیصل پولیس نے بدھ کی الصبح مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا ۔ زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت وقار احمد ولد نثار احمد کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنا نام کمال ولد ایاز بتایا ۔ گرفتار ملزمان کے دیگر ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ ملزمان سے 2 پستولیں بمعہ راؤنڈ ، موبائل فونز ، کیش رقم اور سوزوکی برآمد کی گئی ۔