راولپنڈی:
تھانہ روات کے علاقے میں لین دین کے تنازعے پر پراپرٹی ڈیلر کو قتل کردیا گیا، پولیس نے سالے کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مقدمہ متن میں مدعی نے کہا ہے کہ بہنوئی علی نوازش بھٹی کے ساتھ مل کر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی راولپنڈی میں پراپرٹی کا دفتر قائم کر رکھا ہے، کافی عرصے سے ساجد جیلانی، محمد انور اور شیخ یوسف کے ساتھ پراپرٹی کے سلسلے میں لین دین رہتا تھا، علی بھٹی نے ساجد جیلانی اور شیخ یوسف کو کثیر رقم دے رکھی تھی۔
مدعی کے مطابق دس ماہ سے ساجد جیلانی سے رقم کے بیلنس کی اسٹیٹمنٹ کے لیے رابطے میں تھا جو ہمیشہ ٹال مٹول سے کام لیتا رہا، ہم اپنے دفتر موجود تھے کہ ساجد جیلانی اپنی گاڑی پر محمد انور کے ساتھ آیا، علی نوازش کو باہر بلایا تو ہم تینوں ہی باہر اس کی گاڑی کے پاس چلے گئے، ساجد جیلانی اور علی نوازش گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھ گیے جبکہ محمد انور گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر تھا۔
مدعی نے بتایا کہ میں اس کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھ گیا انھوں نے اپنے دفتر جانے کا اصرار کیا تو عمران علی کی گاڑی لے کر پیچھے چل دیا، انکے دفتر الرحمان ڈیویلپر کے سامنے پہنچے تو دونوں گاڑی میں بیٹھے ہی باتیں کرتے رہے اس دوران ساجد جیلانی اور علی بھٹی میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی شروع ہوگئی، ساجد جیلانی نے پستول نکال کر علی نوازش پر فائرنگ کی جو سر میں گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا اور ساجد جیلانی پسٹل گاڑی میں ہی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
ہمارے کہنے پر محمد انور نے گاڑی اسپتال پہنچائی جہاں علی نوازش کو ایمرجنسی میں شفٹ کررہے تھے تو انور بھی گاڑی اور اس میں پستول چھوڑ کر فرار گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ درج کرلیا گیا مزید تفتیش جاری ہے۔