پشاور؛ کوہستان کرپشن اسکینڈل کا ایک اور ملزم گرفتار

ملزم کے نام پر اسلام اباد، نتھیا گلی، ایبٹ آباد اور کاغان میں کمرشل پراپرٹیز خریدی گئیں، نیب ذرائع


یاسر علی June 25, 2026
(فوٹو: فائل)

قومی احتساب بیورو(نیب) نے کوہستان مالیاتی اسکینڈل کے حوالے سے ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا اور عدالت میں بھی پیش کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب ذرائع نے بتایا کہ کوہستان مالیاتی اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار ملزم نعمان کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جہاں احتساب عدالت نے ملزم کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ ملزم نعمان کوہستان مالیاتی سکینڈل کے مرکزی ملزم قیصر اقبال کا فرنٹ مین ہے اور ملزم کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے۔

نیب ذرائع نے مزید بتایا کہ ملزم کے نام پر اسلام اباد، نتھیا گلی، ایبٹ آباد اور کاغان میں کمرشل پراپرٹیز خریدی گئیں۔

مزید بتایا گیا کہ احتساب عدالت سے ملزم کا ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے اور ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔