وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون ون میں ایک گھر پر بڑی کارروائی کی اور مبینہ طور پر انسانی اعضا کی اسمگلنگ میں ملوث تین چینی باشندے اور دو پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون ون میں ایک گھر پر چھاپہ مارا گیا اور اس دوران ایف آئی اے کے تفتیش کاروں نے انسانی اعضا کی اسمگلنگ میں ملوث تین چینی اور دو پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا تاہم زیر حراست ملزمان کی شناخت مخفی رکھی جارہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایف آئی اے نے دوران تلاشی گھر سے مختلف انسانی اعضا برآمد کیے اور مبینہ طور پر پاکستانی شہری چینی اسمگلرز کےساتھ بطور ڈرائیور سپلائی کام کرتے تھے۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ تمام ملزمان کو نامعلوم مقام پر تفتیش کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے اور کیس پر کام جاری ہے اور تفصیل بعد میں جاری کردی جائے گی۔