گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں ہوشے کی چوٹی کے-6 پر برفانی تودے کے شکار فرانسیسی کوہ پیما کی لاش مل گئی۔
ایکسپریس نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ فرانسیسی کوہ پیما پیئر گیلوم 7 ہزار 282 میٹر بلند چوٹی سر کرنے کی مہم کے دوران برفانی تودے کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع نے بتایا کہ 40 سالہ فرانسیسی کوہ پیما پیئر گیلوم کی لاش مقامی کوہ پیماؤ ں نے کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد ریکور کر لی ہے، پیئر گیلوم تین رکنی بین الاقوامی کوہ پیمائی ٹیم کے ہمراہ کے-6 کی چوٹی سر کرنے گئے تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں مقامی کوہ پیما غلام عباس، سجاد حسین، اسماعیل کثیر اور ادریس جمالی نے حصہ لیا اور ریسکیو ٹیم نے لاش کو محفوظ مقام پر پہنچا کر ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کے لیے عارضی ہیلی پیڈ تیار کرلیا۔
مزید بتایا گیا کہ موسم سازگار رہنے کی صورت میں کل ہیلی کاپٹر کے ذریعے لاش سکردو منتقل کی جائے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ فرانسیسی کو پیما پیئر گیلوم کے ساتھی کوہ پیما، مقامی گائیڈز اور معاون عملہ بھی اسی محفوظ مقام پر موجود اور خیریت سے ہیں۔