فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ 2026 میں روسی فٹبال ٹیم کیلیے 4 سال بعد شرکت کے دروازے کھل گئے

فیفا نے یوکرین پر حملے کے بعد فروری 2022 میں روس کو بین الاقوامی مقابلوں سے معطل کر دیا تھا


ویب ڈیسک June 26, 2026

روسی فٹبال ٹیم کو 2022 میں یوکرین پر حملے کے بعد پہلی مرتبہ کسی فیفا ایونٹ میں شرکت کا موقع مل رہا ہے کیونکہ فیفا نے اعلان کیا ہے کہ آذربائیجان میں منعقد ہونے والے پہلے انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول میں تمام رکن ممالک شرکت کر سکتے ہیں۔

فیفا نے یوکرین پر حملے کے بعد فروری 2022 میں روس کو بین الاقوامی مقابلوں سے معطل کر دیا تھا۔ بعد ازاں 2023 میں روس کی انڈر 17 لڑکوں اور لڑکیوں کی ٹیموں پر عائد پابندی ختم کر دی گئی، تاہم روسی ٹیمیں اب تک فیفا اور یورپی فٹبال تنظیم کے زیر اہتمام انڈر 17 مقابلوں میں شریک نہیں ہو سکیں۔

اس کی ایک بڑی وجہ یہ بھی رہی کہ یوکرین، انگلینڈ اور دیگر یورپی ممالک نے روسی ٹیموں کے خلاف بائیکاٹ برقرار رکھا ہوا ہے۔

فیفا نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹول کا پہلا ایڈیشن تمام رکن ممالک کی لڑکوں کی ٹیموں کے لیے ہوگا جبکہ 2027 کا ایڈیشن صرف لڑکیوں کی ٹیموں کے لیے مخصوص ہوگا۔

فیفا کے مطابق 2028 سے تمام رکن ممالک کو لڑکوں اور لڑکیوں کی انڈر 15 ٹیموں کے ساتھ دو الگ الگ عالمی مقابلوں میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پہلا فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹول 22 اکتوبر سے آذربائیجان میں شروع ہوگا اور 31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔