ایم-13 موٹروے: محفوظ، جدید اور آسان سفر کی جانب ایک انقلابی قدم

ایم-13 منصوبے کو اپ گریڈ کر کے 117.2 کلومیٹر طویل 6 لین موٹروے بنایا جا رہا ہے


ویب ڈیسک June 27, 2026
فوٹو: فائل

ایم-13 موٹر وے کے ذریعے پاکستان میں  محفوظ، جدید اور آسان سفری سہولیات کی جانب ایک انقلابی قدم اٹھا لیا گیا۔

ایس آئی ایف سی کی مؤثر ادارہ جاتی معاونت سے ایم-13 کھاریاں تا راولپنڈی موٹروے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے، جس سے 100 کلومیٹر کا فاصلہ کم ہو جائے گا۔

ایم-13 منصوبے کو اپ گریڈ کر کے 117.2 کلومیٹر طویل 6 لین موٹروے بنایا جا رہا ہے، جو موجودہ ایم-2 کا اسٹریٹجک، تیز اور محفوظ متبادل ہوگی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق ایس آئی ایف سی نے تعطل کا شکار ایم-12 سیالکوٹ–کھاریاں موٹروے منصوبے کی بحالی میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔ ایس آئی ایف سی کی کاوشوں سے ایم-11 لاہور–سیالکوٹ موٹروے کو 4 لین سے 6 لین کیا جا رہا ہے۔

ایم-11، ایم-12 اور ایم-13 راہداری کی تکمیل پر لاہور اور راولپنڈی کے درمیان 50 سے 60 فیصد ٹریفک  ایم-2 سے نئے روٹ پر منتقل ہو گی۔ یہ راہداری لاہور، اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ، افغانستان، چین اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطوں اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید مضبوط بنائے گی۔

منصوبے میں کلر کہار پر 3 سرنگیں بھی شامل ہیں، جو ہر سال کلر کہار کے خطرناک حصے پر ہونے والے حادثات میں کمی لانے میں مدد دیں گی۔