اغوا برائے تاوان کیس؛ خاتون سمیت 3 ملزمان جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت کا شفاف تفتیش مکمل کرکے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کا حکم


کورٹ رپورٹر June 27, 2026

کراچی:

اغوا برائے تاوان کیس میں خاتون سمیت 3 ملزمان کو جسمانی  ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت میں اغوا برائے تاوان کے مقدمے کی سماعت کے دوران اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) نے خاتون سمیت 3 ملزمان کو عدالت میں پیش کیا، جہاں عدالت نے ملزمان کو 4 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے شفاف تفتیش مکمل کر کے آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

عدالت میں پیش کیے گئے ملزمان میں روحیل خان عرف کاشف، روحان خان اور ایلیہ حیدر شامل ہیں۔ تفتیشی افسر محمد علی نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے یاسر نامی شہری کو ایوب گوٹھ سے اغوا کیا تھا اور ابتدا میں رہائی کے لیے 20 لاکھ روپے تاوان طلب کیا، تاہم بعد ازاں معاملہ 2 لاکھ روپے میں طے پایا۔

تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان نے تاوان کی رقم وصول کرنے کے لیے مغوی کے اہل خانہ کو انچولی بلایا، جبکہ گرفتاری سے بچنے کے لیے نہایت چالاکی سے کارروائی کی۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے 2 مرتبہ رائیڈر بھیجا اور تاوان کی رقم وصول کرنے کے لیے 3 بار مقام بھی تبدیل کیا۔

عدالت میں تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ ملزمان نے ایک مفرور ساتھی کے کہنے پر واردات کی، جبکہ مرکزی ملزم روحیل کی نشاندہی پر مغوی کو بازیاب کرایا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

سماعت کے دوران عدالت نے ملزم روحیل سے استفسار کیا کہ اس پر تشدد کیا گیا ہے؟ جس پر ملزم نے الزام عائد کیا کہ تفتیشی افسر نے اسے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس پر عدالت نے ملزم روحیل کا میڈیکل کرانے کا حکم بھی جاری کر دیا۔

بعد ازاں عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ ملزمان سے شفاف انداز میں تفتیش مکمل کرکے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرائی جائے، جبکہ تینوں ملزمان کو 4 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔