پشاور؛ زلزلے سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھگدڑ، اسلام آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے

ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے اجلاس 5 منٹ کے لیے مؤخر کردیا


شاہدہ پروین June 27, 2026

پشاور میں زلزلے کے جھٹکوں کے باعث خیبرپختونخوا اسمبلی میں بھگدڑ مچ گئی جہاں بجٹ سیشن جاری ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

خیبرپختونخوا میں اسمبلی میں بجٹ سیشن کے دوران زلزلہ آیا اور اراکین اسمبلی اپنی نشستوں سے اٹھ کھڑے ہوئے۔

ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا سمبلی نے اجلاس 5 منٹ کے لیے مؤخر کر دیا۔

زلزلہ پیما کے مطابق زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 اور گہرائی 178 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد او راولپنڈی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور لوگ دفاتر گھروں سے کلمہ طیبہ ورد کرتے باہر نکل آئے۔

مزید بتایا گیا کہ اسلام آباد کے علاوہ، مانسہرہ، راولپنڈی، شانگلہ، سوات اور چکوال کے علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

خیبرپختونخوا میں پشاور، باجوڑ، چارسدہ، دیرلوئر، صوابی، تخت بھائی، پبی کوہاٹ اور سوات کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلے کے باعث لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دفاتر اور دکانوں سے باہر نکل آئے، زلزلے کے دوران کئی مقامات پر عمارتوں اور گھروں کی دیواریں ہلتی محسوس کی گئیں اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

خیبرپختونخوا، پنجاب اور اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں زلزلے سے کسی قسم کے نقصان کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے زلزلے کے حوالے سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، میانوالی، ملتان، پوٹھوہار ریجن اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور متعلقہ انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24/7 فعال ہیں، زلزلہ سے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔