برطانیہ کے شاہی خاندان میں تعلقات کی بحالی کی امیدیں ایک بار پھر روشن ہو گئی ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے اگلے ماہ اپنے بچوں کے ہمراہ برطانیہ کے دورے کے دوران شاہ چارلس سوم کی جانب سے شاہی رہائش گاہ میں قیام کی دعوت قبول کر لی ہے۔
2022 کے بعد پہلی مرتبہ شہزادہ ہیری ڈیوک آف سسیکس، اور میگھن ڈچس آف سسیکس اپنے دونوں بچوں پرنس آرچی اور شہزادی للی بیٹ کے ہمراہ برطانیہ پہنچیں گے جبکہ 4 سال بعد بچوں کی بھی یہ پہلی آمد ہوگی۔
ذرائع کے مطابق شاہی خاندان کی جانب سے سسیکس خاندان کو ماضی میں بھی شاہی اسٹیٹ میں قیام کی پیشکش کی جاتی رہی تاہم پہلی بار ہیری اور میگھن نے یہ دعوت قبول کی ہے۔
اطلاعات ہیں کہ وہ اپنے دورے کے دوران کچھ وقت شاہی رہائش گاہ اور کچھ وقت نجی رہائش گاہ میں گزاریں گے۔
یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن نے 2020 میں شاہی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کا اعلان کرتے ہوئے امریکا کی ریاست کیلیفورنیا منتقل ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس فیصلے کے بعد دونوں نے متعدد انٹرویوز اور ہیری کی خودنوشت میں شاہی خاندان، برطانوی ٹیبلوئڈ میڈیا اور بعض اداروں پر شدید تنقید کی تھی اور شاہی خاندان میں اختلافات کھل کر سامنے آئے تھے۔
میگھن مارکل آخری بار 2022 میں ملکہ الزبتھ دوم کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے برطانیہ آئی تھیں جبکہ شہزادہ ہیری اپنے والد شاہ چارلس سوم کی 2023 کی تاج پوشی میں اکیلے شریک ہوئے تھے۔
گزشتہ برس ستمبر میں شہزادہ ہیری اور شاہ چارلس کے درمیان تقریباً 19 ماہ بعد کلیرنس ہاؤس میں نجی ملاقات ہوئی تھی۔ یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب شاہ چارلس کینسر سے جنگ لڑ رہے ہیں۔
اس تازہ پیشرفت کے باعث شاہی خاندان میں مفاہمت کی قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں تاہم اطلاعات کے مطابق ہیری کے اپنے بڑے بھائی شہزادہ ولیم کے ساتھ تعلقات اب بھی کشیدہ ہیں۔
شہزادہ ہیری حالیہ برسوں میں برطانیہ میں اپنی سیکیورٹی کے معاملے پر بھی حکومت کے ساتھ قانونی جنگ لڑتے رہے ہیں۔
شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی کے بعد برطانوی حکومت نے ان کی سرکاری سیکیورٹی واپس لے لی تھی۔
جس پر ہیری نے گزشتہ سال کہا تھا کہ وہ موجودہ حالات میں اپنی اہلیہ اور بچوں کو برطانیہ لانے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔
تاہم شاہی رہائش گاہ میں قیام کے دوران خاندان کو شاہی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، اگرچہ مجموعی سیکیورٹی انتظامات کی تفصیلات منظرعام پر نہیں لائی گئیں۔
شہزادہ ہیری کی خود سے بڑی طلاق یافتہ میگھن مارکل سے پسند کی شادی
شہزادہ ہیری نے امریکا کی سابق اداکارہ میگھن مارکل سے 19 مئی 2018 کو ونڈسر کیسل کے تاریخی سینٹ جارج چیپل میں شاہی طرز کی تقریب میں شادی کی تھی جس میں دنیا بھر کی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
اگرچہ ملکہ الزبتھ دوم نے اس شادی کی باقاعدہ منظوری دی تھی اور میگھن کو شاہی خاندان میں خوش آمدید بھی کہا تھا تاہم ان کے تعلقات بہت زیادہ خوشگوار نہیں تھے۔
بعد ازاں ہیری اور میگھن کے شاہی ذمہ داریوں سے علیحدگی اختیار کرکے امریکا منتقل ہونے اور ٹی وی انٹرویوز و ہیری کی کتاب میں شاہی خاندان پر تنقید کے باعث تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے۔
میڈیا میں یہ تاثر ضرور رہا کہ ملکہ الزبتھ ان معاملات سے ناخوش تھیں لیکن انہوں نے کبھی عوامی سطح پر میگھن کے خلاف ذاتی ناراضی کا اظہار نہیں کیا۔
ملکہ برطانیہ نے 2020 میں شہزادہ ہیری اور میگھن کے شاہی فرائض چھوڑنے کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دونوں اور ان کے خاندان کے بدستور بہت عزیز ہیں۔