حملے کیلیے آنے والے امریکی طیاروں کو دم دبا کر بھاگنے پر مجبور کردیا، پاسداران انقلاب

امریکی لڑاکا طیارے خلیج فارس میں واقع جزیرہ سرک کو نشانہ بنانے آئے تھے


ویب ڈیسک June 27, 2026

ایران کی پاسداران انقلاب نے فضائی حملوں کو بری طرح ناکام بناتے ہوئے امریکی طیاروں کو بھاگنے پر مجبور کردینے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی طیارے خلیج فارس میں واقع جزیرہ سرک کو نشانہ بنانے کی کوشش میں آئے تھے تاہم ایرانی دفاعی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو پسپا کر دیا۔

پاسداران انقلاب نے امریکی طیاروں کو دم دباکر بھاگنے پر مجبور کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کارروائی ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی تھی جس کے بعد فوری اور متناسب جواب دینا ناگزیر ہوگیا۔

ترجمان پاسداران انقلاب نے کہا کہ اس نے خطے میں امریکی فوج کے متعدد فوجی ٹھکانوں اور مفادات کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اگر امریکا نے ایران کے خلاف مزید کوئی کارروائی کی تو اس کا جواب پہلے سے کہیں زیادہ شدید، وسیع اور فیصلہ کن ہوگا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی قومی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی مفادات کے دفاع کے لیے ہر سطح پر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے اور آئندہ کسی بھی امریکی جارحیت کا جواب کہیں زیادہ سخت ہوگا۔

ادھر امریکی میڈیا کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد عراق، شام، بحرین، قطر، کویت اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی فوجی اڈوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔

امریکی حکام نے ایران نواز مسلح گروپوں کی ممکنہ کارروائیوں کے خدشے کے پیش نظر اضافی حفاظتی اقدامات بھی کیے ہیں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ نے تصدیق کی ہے کہ امریکی فضائیہ نے ایران کے خلاف محدود فضائی کارروائیاں کیں۔ یہ حملے آبنائے ہرمز میں ایک تجارتی بحری جہاز پر ایرانی حملے کے جواب میں کیے گئے۔

سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ امریکی جنگی طیاروں نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ گاہوں، ساحلی ریڈار اسٹیشنز، نگرانی کی تنصیبات اور بعض فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا تاکہ مستقبل میں عالمی بحری جہازوں پر حملوں کی صلاحیت کو محدود کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل ہی امریکا اور ایران کے درمیان ایک مفاہمتی معاہدہ طے پایا تھا جس کا مقصد حالیہ جنگ کا خاتمہ اور خطے میں کشیدگی کم کرنا تھا۔ تاہم دونوں ممالک ایک دوسرے پر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگا رہے ہیں۔