کویت نے اپنے خلاف ہونے والے مبینہ ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ملکی خودمختاری، قومی سلامتی اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
کویتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے بار بار کیے جانے والے مبینہ حملے نہ صرف کویت کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں بلکہ پورے خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
وزارت کے مطابق یہ کارروائیاں خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جاری علاقائی اور بین الاقوامی سفارتی کوششوں کو متاثر کر رہی ہیں اور عالمی برادری کی امن قائم کرنے کی کوششوں کے لیے براہِ راست چیلنج ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایسے حملے کویت کے شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکی باشندوں کی جان و مال کے لیے بھی خطرہ پیدا کرتے ہیں، اس لیے عالمی برادری کو صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے۔
کویت نے ایک مرتبہ پھر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنے اتحادیوں اور عالمی اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ایران اور بعض خلیجی ممالک کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث پورے خطے میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔