جو بائیڈن کی ٹرمپ پر شدید تنقید، ’کرپٹ، خود پسند اور نااہل‘ قرار دے دیا

ٹرمپ کی پالیسیاں اور طرزِ حکمرانی امریکی جمہوریت اور قومی اداروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں، سابق امریکی صدر


ویب ڈیسک June 29, 2026

واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر جو بائیڈن نے اپنے جانشین اور موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے انہیں ’کرپٹ، خود پسند اور نااہل‘ قرار دیا ہے۔

بائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسیاں اور طرزِ حکمرانی امریکی جمہوریت اور قومی اداروں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جو بائیڈن نے ریاست میری لینڈ میں ڈیموکریٹک پارٹی کے فنڈ ریزنگ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرمپ صرف ذاتی تشہیر اور اپنی پسند کے منصوبوں پر توجہ دے رہے ہیں۔

بائیڈن نے الزام عائد کیا کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے ایسٹ ونگ میں تبدیلیاں کر رہے ہیں، اپنی تقریبات کے لیے بال روم تعمیر کرا رہے ہیں، مختلف عمارتوں اور منصوبوں پر اپنا نام نمایاں کر رہے ہیں اور ذاتی پسند کے منصوبوں پر سرکاری وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

اپنی تقریر میں بائیڈن نے کہا کہ یہ صرف خود نمائی کا معاملہ نہیں بلکہ اس انتظامیہ میں بدعنوانی بھی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت میں کرپشن کی ایسی مثال امریکی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔

سابق امریکی صدر نے 6 جنوری 2021 کو امریکی کانگریس پر حملے میں ملوث افراد کا حوالہ دیتے ہوئے بھی ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کو مالی معاوضہ دینے کے بجائے قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے۔

جو بائیڈن کے ان بیانات کو امریکی سیاست میں ایک نئی لفظی جنگ قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ اس معاملے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا وائٹ ہاؤس کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔