اسلام آباد:
عمران خان کے وکلا نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے یہ ہی اس کی ذمہ داری ہے، جو قانون دوسروں کے لیے ہے وہی عمران خان اور بشری بی بی کے لیے ہونا چاہیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق یہ بات بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجا اور سلمان صفدر نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ قانون کی تشریح سپریم کورٹ نے ہمیشہ کی ہے، عبوری حکم کے خلاف سپریم کورٹ کے پہلے بھی حکم آئے ہیں، سپریم کورٹ کے دروازے انصاف کے لیے بند نہیں ہونے چاہئیں، ہمیں ایک فورم فراہم نہ کرنا انصاف کا قتل ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم 27 بار ہائی کورٹ گئے اور سپریم کورٹ آئے ہیں، ہم اپنا ملک خراب کرنا نہیں چاہتے، آئین و قانون کے مطابق انصاف چاہتے ہیں، چیف جسٹس سے درخواست ہے کہ چیمبر اپیل کو فوری سنیں مگر سپریم کورٹ دفتر نے ہماری درخواست واپس کردی ہے انصاف کریں یہ ہی آپ کی ذمہ داری ہے۔
وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے وجود کو منوانا ہے، عدالتیں اپنے دائرہ اختیار کو ختم ہونے نہیں دیتیں، صرف آئینی مقدمات کی اپیلیں آئینی عدالت جاتی ہیں، ایک عبوری حکم کے خلاف سپریم کورٹ آئے ہیں، درخواستوں کو پہلے بھی سپریم کورٹ میں سنا گیا ہے، جو قانون دوسروں کے لیے ہے وہی بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کے لیے ہوگا۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ 16 ماہ سے عمران خان اور ان کی اہلیہ جیل میں ہیں، یہ قید تنہائی کا ایشو ہے اور میڈیکل کا ایشو ہے، تمام کرمنل لا کا دائرہ اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہے، میری نظر میں یہ تقسیم قانون کے مطابق نہیں، گزشتہ ماہ بھی سپریم کورٹ نے نیب کی ضمانت پر فیصلہ دیا، عمران خان کا دس منٹ کا مقدمہ کوئی سننے کو تیار نہیں۔