سندھ کے ضلع جامشورو میں 8 ماہ کی حاملہ خاتون خوشبو ماچھی کو کاروکاری کے نام پر قتل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مانجھند کے علاقے یونین کونسل انڑپور میں8 ماہ کی 30 سالہ حاملہ خاتون کو کاروکاری کے الزام میں سسرالیوں نے فائرنگ کر کے قتل کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ کو گھر کے قریب گولیاں ماری گئیں جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو پوسٹ مارٹم کیلیے مانجھند اسپتال منتقل کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے جامشورو میں حاملہ خاتون کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ کاروکاری کے نام پر معصوم جان لینا انتہائی وحشیانہ اقدام ہے، مقتولہ خوشبو ماچھی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مقتولہ کے پیٹ میں موجود 8 ماہ کے بچے کا قتل دہرا اور ہولناک جرم ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ مظلوم خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا اور ایسے سنگین جرائم میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔