دنیا کے بڑے جہازوں میں شمار جہاز کراچی پورٹ پر لنگر انداز

یہ کراچی پورٹ کی بڑھتی ہوئی استعداد اور عالمی معیار کی بندرگاہی سہولیات کا ایک اور اہم سنگِ میل ہے


بزنس رپورٹر June 29, 2026

دنیا کے سب سے بڑے مال بردار جہازوں میں شامل بحری جہاز کراچی کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کے سب سے بڑے کنٹینر بردار بحری جہازوں میں شامل ایک اور بحری جہاز کراچی کی بندرگاہ پر واقع گہرے پانی کے ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگیا۔ 

کراچی پورٹ ٹرسٹ نے دنیا کے بڑے کنٹینر جہازوں میں شمار ہونے والے ایم ایس سی لوریٹو کا SAPTL ٹرمینل پر استقبال کیا، جو کراچی پورٹ کی بڑھتی ہوئی استعداد اور عالمی معیار کی بندرگاہی سہولیات کا ایک اور اہم سنگِ میل ہے۔

ترجمان کے پی ٹی کے مطابق جہاز کی لمبائی 399.9 میٹر طویل جبکہ اس میں 24 ہزار 346 ٹی ای یوز کی گنجائز ہے جبکہ اسے الٹرا لارج جہاز کہا جاتا ہے جو 3 ہزار 802 ٹی ای یوز لے کر کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا۔

ترجمان کے مطابق اس جہاز کی آمد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کراچی پورٹ اب دنیا کے بڑے ترین کنٹینر جہازوں کو مؤثر اور محفوظ انداز میں ہینڈل کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق یہ پیش رفت بندرگاہ پر جاری انفراسٹرکچر کی بہتری، جدید ٹرمینل سہولیات اور آپریشنل استعداد میں مسلسل اضافے کا نتیجہ ہے، جو پاکستان کی بحری تجارت کو فروغ دینے اور ملک کو عالمی میری ٹائم نیٹ ورک میں مزید مضبوط مقام دلانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔