محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ کل سے ملک میں مون سون بارشوں کا پہلا باقاعدہ اسپیل متوقع ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور سیلابی صورت حال کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 6 جولائی کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم، چکوال اور اٹک میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
مون سون بارشوں کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش اور شہری علاقوں میں سیلابی صورت حال کا خدشہ ہے، اسی طرح جنوبی پنجاب کے ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر اور میانوالی میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں یکم تا 5 جولائی کے دوران بالائی اور پہاڑی اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ مختلف مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے، دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ اور ملحقہ علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی موجود ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سطح پر سیلاب کاخدشہ موجود ہے، استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر، غذر، شگر اور گھانچے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تو مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں یکم سے 6 جولائی تک بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں یکم تا 4 جولائی ژوب، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ہرنائی، نصیرآباد اور ڈیرہ بگٹی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
صوبہ سندھ میں لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، دادو، کشمور، گھوٹکی، شکارپور، خیرپور، شہید بینظیر آباد اور نوشہرو فیروز میں 3 اور 4 جولائی کو بارش کا امکان ہے، موسلادھار بارش کے دوران نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور برساتی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔