کراچی کے ضلع وسطی کے علاقے لیاقت آباد میں قائم فردوس شاپنگ مال میں جیولری شاپ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔
تفصیلات کے مطابق منگل کی شب لیاقت آباد فردوس شاپنگ مال میں قائم جیولری شاپ میں اچانک آگ بھڑکی اور یہ تیزی سے پھیل گئی۔
ترجمان سندھ ریسکیو 1122 کے مطابق آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم ایمبولینس اور فائر ٹینڈر کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئی اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کر دیں۔
کے ایم سی فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی اطلاع پر فائر فائٹرز 3 فائر ٹینڈرز کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ مجموعی طور پر 4 فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا اور جیولری شاپ لگنے والی آگ پر سخت جدوجہد کے بعد قابو پاتے ہوئے کولنگ کا عمل شروع کر دیا۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعہ میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ اور نقصان کی مالیت کا تعین نہیں ہوسکا۔