ومبلڈن: سرینا ولیمز کی واپسی ناکام، اسٹین واورنکا بھی شکست کے بعد باہر

وائلڈ کارڈ کے ذریعے شرکت کرنے والی سرینا ولیمز نے ومبلڈن میں دوبارہ کھیلنے کو یادگار لمحہ قرار دیا


اسپورٹس ڈیسک July 01, 2026

ٹینس کی عظیم امریکی کھلاڑی سرینا ولیمز نے چار سال بعد ومبلڈن میں سنگلز مقابلوں میں شاندار واپسی کی تاہم ان کا کم بیک فتح میں تبدیل نہ ہو سکا۔

44 سالہ سرینا کو آسٹریلیا کی 20 سالہ مایا جوائنٹ نے سخت مقابلے کے بعد 3-6، 7-6 اور 3-6 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

وائلڈ کارڈ کے ذریعے شرکت کرنے والی سرینا ولیمز نے میچ کے بعد کہا کہ ومبلڈن میں دوبارہ کھیلنا ان کے لیے ایک یادگار لمحہ تھا۔

انہوں نے شائقین کی جانب سے ملنے والی بھرپور پذیرائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ماحول کو انہوں نے بے حد یاد کیا تھا۔

دوسری جانب نوجوان مایا جوائنٹ نے اسے اپنے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرینا جیسی لیجنڈ کے خلاف سینٹر کورٹ میں کھیلنا ان کا بچپن کا خواب تھا۔

سرینا اب اپنی بہن وینس ولیمز کے ساتھ ڈبلز ایونٹ میں شرکت کریں گی۔

خواتین کے سنگلز میں دفاعی چیمپئن ایگا سواتیک نے سخت مقابلے کے بعد ٹیلر ٹاؤن سینڈ کو شکست دے کر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنالی۔

گزشتہ برس کی رنر اپ امانڈا انیسیمووا، جیسمین پاؤلینی، کیرولینا پلسکووا اور سابق چیمپئن ایلینا ریباکینا بھی کامیابی کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ گئیں جبکہ یوکرین کی ایلینا سویتولینا کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مردوں کے مقابلوں میں فرنچ اوپن چیمپئن الیگزینڈر زویریف نے کامیاب آغاز کیا جبکہ بین شیلٹن پہلے بڑے اپ سیٹ کا شکار بنے۔

ٹیلر فریٹز، گریگور دیمتروف اور ایلیکس ڈی مینور بھی دوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔

ادھر 41 سالہ اسٹین واورنکا نے ومبلڈن میں اپنے آخری میچ کے بعد مداحوں کو الوداع کہہ دیا جس پر سینٹر کورٹ میں موجود شائقین نے انہیں بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔