فیفا ورلڈکپ میں میکسیکو کی تاریخی فتح کے جشن کے دوران دارالحکومت میکسیکو سٹی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ہجوم میں دم گھٹنے سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔
حکام کے مطابق یہ حادثہ شہر کے معروف ’اینجل آف انڈیپینڈنس‘ یادگار اور ’پاسیو ڈی لا ریفارما‘ کے اطراف پیش آیا جہاں ہزاروں شائقین ایکواڈور کے خلاف میکسیکو کی 0-2 کی کامیابی کا جشن منانے کے لیے جمع تھے۔
میڈیکل حکام نے بتایا کہ ایمرجنسی ٹیموں نے مختلف مقامات پر بے ہوش افراد کو طبی امداد فراہم کی، تاہم تمام تر کوششوں کے باوجود ایک 44 سالہ مرد اور ایک 19 سالہ لڑکی جانبر نہ ہو سکیں۔
بعد ازاں ایک 48 سالہ خاتون کو دم گھٹنے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ بھی دوران علاج چل بسیں۔
https://x.com/Globupdate/status/2072279861847020004?s=20
میکسیکو کی میئر کلارا بروگاڈا نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ خوشی کے مواقع پر ذمہ داری، احتیاط اور دوسروں کا خیال رکھتے ہوئے جشن منائیں۔
واضح رہے کہ میکسیکو نے ایکواڈور کو شکست دے کر 40 برس بعد ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں فتح حاصل کی جس کے بعد ملک بھر خصوصاً میکسیکو سٹی میں شائقین کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور جشن کا ماحول دیکھتے ہی دیکھتے ایک افسوسناک سانحے میں تبدیل ہو گیا۔