نیٹو پر سب سے زیادہ رقم خرچ کرتے ہیں لیکن امریکا کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا؛ ٹرمپ

نیٹو ممالک کو امریکا پر انحصار کرنے کے بجائے خود زیادہ رقم خرچ کرنی چاہیے؛ امریکی صدر کا مشورہ


ویب ڈیسک July 02, 2026
امریکی وزیر خارجہ نے نیٹو اجلاس سے قبل ایران جنگ پر اہم بیان جاری کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر نیٹو اتحادیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو سب سے زیادہ اخراجات کرنے کے بدلے میں کوئی خاطر خواہ فائدہ حاصل نہیں ہوتا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ 2014 سے 2025 کے دوران امریکا نے دفاع پر 999 ارب ڈالر خرچ کیے ہیں جو سب سے زیادہ رقم ہے۔

امریکی صدر کے بقول اسی عرصے میں نیٹو پر برطانیہ نے 90.5 ارب ڈالر، فرانس نے 66.5 ارب ڈالر، اٹلی نے 48.8 ارب ڈالر اور پولینڈ نے 44.3 ارب ڈالر خرچ کیے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ جرمنی سمیت کئی دیگر نیٹو ممالک کے اخراجات ان ممالک سے بھی بہت کم ہیں جو انتہائی مضحکہ خیز صورتحال ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ برسوں سے یورپی اتحادیوں کے دفاع کا سب سے بڑا مالی بوجھ امریکا اٹھا رہا ہے جبکہ دیگر رکن ممالک اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے۔ وہ ایران جنگ میں ساتھ نہ دینے پر بھی نیٹو کو تنقید کا نشانہ بناتے آئے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے شکوہ کیا کہ امریکا کو اپنے اتحادیوں کے تحفظ پر بھاری سرمایہ خرچ کرنا پڑتا ہے لیکن اس کے بدلے میں مناسب تعاون یا فائدہ نہیں ملتا۔ 

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ طویل عرصے سے نیٹو ممالک پر زور دیتے آئے ہیں کہ وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں پر زیادہ سرمایہ کاری کریں اور امریکا پر انحصار کم کریں۔