حج 2027 کے لیے متعارف کرائے گئے مکمل آن لائن رجسٹریشن نظام کو عازمین کی جانب سے نمایاں پذیرائی حاصل

رجسٹریشن کے پہلے 11 روز کے دوران 2 لاکھ 3 ہزار 722 افراد نے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی


آصف محمود July 03, 2026

حج 2027 کے لیے متعارف کرائے گئے مکمل آن لائن رجسٹریشن نظام کو عازمین کی جانب سے نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔

وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مطابق رجسٹریشن کے پہلے 11 روز کے دوران 2 لاکھ 3 ہزار 722 افراد نے گھر بیٹھے اپنی رجسٹریشن مکمل کر لی۔

وزارت کے مطابق ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد عازمین نے ویب پورٹل کے ذریعے جبکہ تقریباً 24 ہزار افراد نے موبائل ایپ استعمال کرتے ہوئے رجسٹریشن کرائی۔ رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 49 ہزار افراد نے پرائیویٹ حج اسکیم کا انتخاب کیا۔

اعداد و شمار کے مطابق صوبہ پنجاب 95 ہزار رجسٹریشن کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ سندھ سے 63 ہزار، خیبر پختونخوا سے 28 ہزار، اسلام آباد سے 9 ہزار، بلوچستان سے 5 ہزار 500، آزاد کشمیر سے 1 ہزار 200 اور گلگت بلتستان سے 600 افراد نے رجسٹریشن مکمل کی۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق رجسٹریشن کے دوران بعض درخواست گزاروں نے آئندہ برسوں میں حج کی ادائیگی کی خواہش بھی ظاہر کی۔ اس سلسلے میں سال 2028 کے لیے ایک ہزار 400، سال 2029 کے لیے 250 اور سال 2030 کے لیے 350 افراد نے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔

رجسٹرڈ عازمین میں ایک لاکھ 19 ہزار مرد جبکہ 84 ہزار 500 خواتین شامل ہیں۔

وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے اشتراک سے نیشنل آئی ٹی بورڈ (NITB) نے حج رجسٹریشن کے پورے نظام کو جدید ڈیجیٹل انفراسٹرکچر پر منتقل کیا ہے، جس کے تحت سرکاری اور پرائیویٹ دونوں حج اسکیموں کے لیے رجسٹریشن کو لازمی، شفاف اور مکمل طور پر آن لائن بنایا گیا ہے۔

وزارت نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رجسٹریشن کے دوران فیملی گروپ ضرور تشکیل دیں تاکہ ایک ہی خاندان کے افراد مشترکہ طور پر درخواست جمع کرا سکیں۔ وزارت کے مطابق فیملی گروپ صرف اہلِ خانہ یا محرم رشتہ داروں پر مشتمل ہونا لازمی ہوگا۔