یونین کونسل کے صدر کا قتل اور دو افراد زخمی، قاتل کو لانے والا بائیک رائیڈر گرفتار

ویڈیو میں گرفتار ملزم کو مرکزی قاتل کو مسلح حالت میں موٹرسائیکل پر جائے وقوع تک لاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے


اسٹاف رپورٹر July 03, 2026
فوٹو: فائل

کراچی:

ایکسپریس نیوز کے مطابق مومن آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے یونین کونسل نمبر 5 کے صدر کو فائرنگ کرکے قتل اور 2 افراد کوزخمی کرنے کے واقعے میں ملوث موٹر سائیکل رائیڈر کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الہیٰ مستوئی کے مطابق یکم جولائی کی شب اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10 غوثیہ چوک پر واقع UC-05 کے دفتر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا فائرنگ کے نتیجے میں UC-05 کے صدر فیصل عباسی جاں بحق، جبکہ فہد عباسی اورفہد جمال عرف شانی زخمی ہوئے، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی۔

ایس ایس پی کے مطابق مومن آباد پولیس نے خفیہ اطلاع اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل رائیڈر ملزم عبدالحمید عرف کاکا ولد اسلام کو گرفتار کیا۔

ایس ایس پی کے مطابق جائے وقوع سے حاصل کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی گرفتار ملزم کو مرکزی قاتل کو مسلح حالت میں موٹرسائیکل پر جائے وقوع تک لاتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔

گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ مع ایمونیشن برآمد کیا گیا ہے، گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی کے لیے تفتیشی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔