الپائن کلب آف پاکستان کی جانب سے دوسری ویمن خوسر گینگ مہم 2026 کا اعلان

الپائن کلب نے گولڈن جوبلی تقریبات کے دوران باری لا پر پہلی مکمل خواتین پر مشتمل کامیاب مہم کے بعد خواتین کو کوہ پیمائی میں بااختیار بنانے کے عزم کو مضبوط کیا ہے


ذوالفقار بیگ July 04, 2026

اسلام آباد:

الپائن کلب آف پاکستان کی جانب سے دوسری ویمن خوسر گینگ مہم 2026 کا اعلان کردیا گیا۔

اے سی پی کے  صدر میجر جنرل  عرفان ارشد خا ن نے کہا ہے کہ دنیا میں پاکستان کی پہچان ایک مثبت عمل ہے، ہماری خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں ملک کا نام روشن کیا ہے ،پچاس روپے کا ٹکٹ جاری کیا گیا ہے، جس پر  چار بڑے پہاڑوں کی تصویر شائع کی گئی ہے ۔

ان  خیالات کا اظہار انہوں نے الپائن کلب آف  پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان ٹور ازم کارپوریشن کے ایم ڈی آفتاب رانا، گرین ٹور ازم بریگیڈیر عرفان اختر ، کمانڈور اختر شاہد وائیں، بریگیڈیر مہدی ، خالد محمود بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہاکہ خواتین میں کوہ پیمائی، ایڈونچر اسپورٹس اور آؤٹ ڈور قیادت کو فروغ دینے کے لیے دوسری ویمن خوسر گینگ مہم 2026 کا اعلان کردیا ہے۔اس مہم کے دوران کوہ پیما خوسر گینگ (6040 میٹر) کی چوٹی سر کریں گی، جو قراقرم کے سلسلے میں بلتستان کی خوبصورت وادی شگر میں واقع ہے۔

الپائن کلب آف پاکستان نے اپنی گولڈن جوبلی تقریبات کے دوران باری لا پر پہلی مکمل خواتین پر مشتمل کامیاب مہم کے بعد خواتین کو کوہ پیمائی کے میدان میں بااختیار بنانے کے عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔

باری لا مہم میں پاکستان کے تمام صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت خواتین کوہ پیماؤں نے شرکت کی جسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔ اسی کامیابی کو آگے بڑھاتے ہوئےشرکاء کا انتخاب معروف پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی کی سربراہی میں تجربہ کار خواتین کوہ پیماؤں کی کمیٹی نے شفاف طریقہ کار کے تحت کیا۔

اس مہم کا مقصد خواتین کوہ پیماؤں کو بلند پہاڑوں پر کوہ پیمائی کا عملی تجربہ فراہم کرنا، ان میں قائدانہ صلاحیتیں پیدا کرنا اور پاکستان بھر میں خواتین کی ایڈونچر اسپورٹس میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

منتخب شرکا میں زیبا بتول (گلگت بلتستان)، بی بی افزوں (گلگت بلتستان)، عمارہ شریف (اسلام آباد)، اسماء بشیر بنگش (خیبر پختونخوا)، بسمہ حسن (پنجاب)، سعدیہ مقبول (پنجاب)، نتاشا فتح محمد (سندھ)، بی بی ملکہ (بلوچستان) اور لائبہ شکیل (آزاد جموں و کشمیر) شامل ہیں۔

اس موقع پر الپائن کلب آف پاکستان کی قیادت نے کوہ پیمائی، ایڈونچر ٹورازم، ماحولیاتی آگاہی اور آؤٹ ڈور کھیلوں میں صنفی شمولیت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔کلب نوجوان پاکستانیوں خصوصاً خواتین کو ملک کے شاندار پہاڑی ماحول میں اپنی صلاحیتیں منوانے کے مزید مواقع فراہم کرتا رہے گا۔

اس کے علاوہ الپائن کلب آف پاکستان ستمبر 2026ء میں کے ٹو بلتورو کلین اپ مہم 2026 بھی منعقد کرے گا۔اس ماحولیاتی اقدام کا مقصد پہاڑی ماحول کا تحفظ، ٹریکنگ راستوں سے کچرے کی صفائی اور ذمہ دارانہ پہاڑی سیاحت و تحفظ ماحول کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔

الپائن کلب آف پاکستان کا مؤقف ہے کہ پاکستان کے بلند و بالا پہاڑ ملک کا قیمتی قدرتی سرمایہ ہیں اور کلب آئندہ نسلوں کے لیے ان کے تحفظ کے اپنے مشن پر کاربند رہے۔

انہوں نے کہاکہ اس سال نئے اسپانسرز اکھٹے کیے جائیں گے۔ ایڈونچر اسپورٹس پر ہم کام کررہے ہیں۔ اس مرتبہ ہم نے 50 برس کی سالگرہ کو منانے کے لیے ایک ٹکٹ جاری کیا جارہا ہے جو کہ پاکستان کی پہچان بنے گا، یہ ٹکٹ ایک روشن مثال ہوگا۔