پاکستان اور کینیا کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 1 ارب 2 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگیا

پاکستان سے ہوزری، گارمنٹس، ادویات سمیت دیگر مصنوعات کی برآمدات میں حوصلہ افزا اضافہ ہوا ہے، صدر پاک کینیا بزنس کونسل


احتشام مفتی July 04, 2026

مالی سال 2025-2026 کے دوران پاکستان اور کینیا کی باہمی تجارت کا حجم 1ارب 2کروڑ 30لاکھ ڈالر کی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گیا۔

پاک کینیا بزنس کونسل کے صدر رفیق سلیمان نے ایکسپریس کو بتایا کہ یہ سنگ میل باہمی اقتصادی تعاون بڑھنے کی نشاندہی کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کینیا کے لیے پاکستان سے ہوزری، گارمنٹس، ادویات سمیت دیگر ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمدات میں حوصلہ افزا اضافہ ہوا ہے جبکہ کینیا سے بھی پاکستان کے لیے چائے کی برآمدات بھی بڑھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کئی سال قبل پاک کینیا دوطرفہ تجارت کو 1ارب ڈالر تک پہنچانا صرف ایک خواب تھا لیکن پاک کینیا بزنس کونسل کی متعلقہ اداروں کی معاونت سے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے، کاروبار کے ذریعے کاروباری مشغولیت کی حوصلہ افزائی کرنے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع کی تلاش میں سرگرم رہی اور یہی عوامل خواب سے حقیقت میں تبدیل ہوگیا۔

رفیق سلیمان نے کہا کہ پاکستان کینیا بزنس کونسل جلد ہی نیروبی اور پاکستان میں اس سنگ میل کی خوشی میں تقریبات کا اہتمام کرے گی۔ ان تقریبات کے ایک حصے کے طور پر کینیا میں پاکستانی ہائی کمشنر، نیروبی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے کمرشل سیکشن کی عدیلہ کو اس تاریخی سنگ میل کو حاصل کرنے میں ان کی غیر معمولی شراکت پر خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔

اسی طرح اسلام آباد میں کینیا کے ہائی کمشنر اور Bonface کمرشل سیکشن کو کینیا کے ہائی کمیشن کی کوششوں پر خراج تحسین پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 1 ارب ڈالر ڈالر کا ہندسہ عبور کرنا ہمارے سفر کا اختتام نہیں ہے بلکہ یہ ایک نئے باب کا آغاز ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ حکومتوں، تجارتی اداروں اور نجی شعبے کے درمیان مسلسل تعاون کے ذریعے پاکستان اور کینیا آنے والے سالوں میں دو طرفہ تجارت کو نمایاں طور پر بڑھا سکتے ہیں اور سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور اقتصادی ترقی کے مزید مواقع کھول سکتے ہیں۔