بھارتی نوجوان کرکٹر ویبھاؤ سوریاونشی کا انٹرنیشنل کرکٹ میں نیا ریکارڈ

انگلینڈ نے بھارت کو دوسرے ٹی20 میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی


اسپورٹس ڈیسک July 05, 2026
فوٹو: فائل

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر ویبھاؤ سوریاونشی نے انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبو کرکے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا اور لٹل ماسٹر سچن ٹندولکر کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بھارت اور انگلینڈ کے درمیان اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں 5 ٹی20 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ویبھاؤ سوریاونشی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبو کرکے بھارت کی جانب سے نوجوان کرکٹر کا اعزاز حاصل کیا۔

ویبھاؤ سوریاونشی نے 15 سال اور 99 دنوں کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبو کیا جبکہ اس سے قبل سچن ٹنڈولکر نے 1989 میں کراچی میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ میں 16 سال اور 205 دنوں کی عمر میں ڈیبیو کرکے بھارت کے کم عمر ترین کرکٹر کا ریکارڈ بنایا تھا۔

سچن ٹنڈولکر کا 1989 میں بھارت کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کرکٹر بننے کا ریکارڈ بنایا تھا اس سے ویبھاؤ سوریا ونشی نے باآسانی اپنے نام کرلیا اور دنیا میں دوسرے نمبر پر اپنا نام درج کرلیا۔

بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے کم عمر ترین کرکٹر کا اعزاز پاکستان کو حاصل ہے جو سابق بیٹر حسن رضا نے قائم کیا تھا۔

پاکستان کے بیٹر حسن رضا نے 1996 میں فیصل آباد میں 14 سال اور 227 دنوں کی عمر میں ڈیبیو کرکے کم عمر ترین کرکٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا، اس سے قبل یہ اعزاز پاکستان کے ہی مشتاق محمد کو حاصل تھا۔

اس منفرد فہرست میں دوسرے نمبر پر ویبھاؤ سوریاونشی ہیں اور تیسرے نمبر پر بنگلہ دیش کے محمد شریف ہیں، جنہوں نے ہرارے میں 2001 میں  15 سال 116 دنوں کی عمر میں ریکارڈ حاصل کیا تھا اور اس وقت وہ دوسرے نمبر پر تھے۔

پاکستان کے مشتاق محمد نے 1959 میں لاہور میں 15 سال اور 124 دنوں کی عمر میں ڈیبیو کرکے کم عمر ترین کرکٹر بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ اب ان کا نمبر چوتھا ہے۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کا نمبر پانچواں ہے، جنہوں نے آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں 1988 میں 16 سال اور 127 دنوں کی عمر میں ڈبییو کیا تھا۔

بھارت کے عظیم بیٹر سچن ٹنڈولکر 16 سال 205 دنوں کی عمر میں ڈیبیو کرنے والے چھٹے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اولڈ ٹریفورڈ میں ویبھاؤ سوریاوانشی نے انگلینڈ کے خلاف اپنے ڈیبیو میچ میں ابھیشک شرما کے ساتھ اوپننگ کی تاہم 29 گیندوں پر 50 رنز کی شراکت کی لیکن 10 گیندوں پر 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں دو چھکے بھی شامل تھے۔

انگلینڈ نے بھارت کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 190 رنز بنائے تھے جبکہ انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 19 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

انگلینڈ اور بھارت کے درمیان 5 ٹی20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر نتیجے کے ختم ہوگیا تھا جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا میچ 7 جولائی کو نوٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔